الہ آباد، 21/فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)صوبے میں چوتھے مرحلے کی انتخابی مہم کے آخری دن بی جے پی کے صدر امت شاہ کے ساتھ ہی سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو اور کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے بھی اپنا روڈ شو کیا۔یہ روڈ شو الہ آباد جنکشن پر جا کر ختم ہو گیا، حالانکہ اس کو میراپور گول چکر تک جانا تھا، لیکن شام پانچ بجتے ہی انتخابی مہم کی سرگرمیاں ختم ہونے کی وجہ سے اس کا اختتام تین کلومیٹر پہلے ہی کر دیا گیا۔وہیں روڈ شو کے دوران ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا۔ دراصل اکھلیش اور راہل کے استقبال کے لیے جگہ جگہ پارٹی کارکنوں اور حامیوں نے چھوٹا چھوٹا اسٹیج بنا رکھا تھا، انہیں میں سے ایک استقبالیہ اسٹیج زیادہ بھیڑ ہونے کی وجہ سے بوجھ برداشت نہیں کر سکا اور ٹینٹ کا ایک پائپ ٹیڑھا ہو گیا، اس وجہ سے ٹینٹ کے بالائی حصے کا کپڑا نیچے آ گیا۔حالانکہ کوئی بڑا واقعہ نہیں ہونے کی وجہ سے لوگوں نے راحت کی سانس لی۔جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، اس سے پہلے ہی روڈ شو ختم کر دیا گیا تھا، اس وجہ سے راہل اور اکھلیش یہاں نہیں پہنچے تھے، ورنہ بھیڑ کی وجہ سے یہ واقعہ بڑا ہو سکتا تھا۔اس سے پہلے اکھلیش اور راہل گاندھی کا مشترکہ روڈ شو بالسن چوراہے سے شروع ہوا،بالسن چوراہے پر دونوں لیڈرو ں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ گلہائے عقیدت پیش کیا، اس کے بعد ان کا روڈ شو شروع کیا گیا،دونوں لیڈران بس پر بنائے گئے ’یوپی وجے رتھ‘ پر سے آنند بھون سے منموہن پارک کی طرف بڑھے،اس دوران سڑک کے کنارے اور گھروں کی چھتوں پر موجود لوگوں کو دونوں لیڈروں نے سلام کیا۔اس روڈ شو کو بالسن چوک سے شروع ہوکر یونیورسٹی چوراہا، کٹرہ، منموہن پارک، ٹریفک چوراہا، راجہ پور، سرکلر روڈ، اے جی آفس، گورنمنٹ پریس چوراہے سے ہوکر ہائی کورٹ پانی ٹنکی فلائی اوور سے خسروباغ، نوراللہ روڈ، شوکت علی روڈ ہوکر عطر سوئیا گول پارک تک جانا تھا۔اس سے پہلے راہل اوراکھلیش دارالحکومت لکھنؤ اور تاج نگری آگرہ میں مشترکہ روڈ شو کر چکے ہیں۔